ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار ایم ایل اے روپالی نائک پر بطور رشوت کمیشن لینے کا الزام؛ شکایت درج

کاروار ایم ایل اے روپالی نائک پر بطور رشوت کمیشن لینے کا الزام؛ شکایت درج

Tue, 06 Jul 2021 18:46:25    S.O. News Service

کاروار 6/ جولائی (ایس او نیوز) جن شکتی ویدیکے کے صدر مادھو نائک نے انکولہ کاروار رکن اسمبلی روپالی نائک کے خلاف اینٹی کرپشن بیورو میں شکایت درج کرواتے ہوئے مانگ کی ہے کہ حال ہی میں سابق ایم ایل اے آنند اسنوٹیکر کی طرف سے لگائے گئے کمیشن  لینے کے الزامات کے پس منظر میں روپالی نائک کی طرف سے ہورہی بدعنوانیوں کی تحقیق کی جائے۔

    ضلع پتریکا بھون میں میڈیا سے بات کرتے ہوئےانہوں نے  بتایا کہ حال ہی میں کاروار کے ایک  اخبار میں پہلے صفحہ پر  آنند اسنوٹیکر کا بیان شائع ہوا  تھا  کہ سیاست دانوں کی طرف سے پرسنٹیج (کمیشن)     کا دباو رہنے کی وجہ سے ترقیاتی منصوبے پر کام شروع نہیں ہورہا ہے ۔ اس طرح کا الزام لگانے والا کوئی راہ چلتا عام آدمی نہیں ہے۔ یہ شخص دو مرتبہ رکن اسمبلی بنا ہے اور ایک مرتبہ وزارت کا قلمدان بھی  سنبھال چکا ہے۔ اس لئے مجھے لگا کہ ان کے بیان کو یونہی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔  

    مادھو نائک کا کہنا ہے کہ اسنوٹیکر نے اپنے بیان میں الزام لگایا ہے کہ کاروار ضلع اسپتال میں مجوزہ 150 کروڑ لاگت والے منصوبہ کی بھومی پوجا نہیں کی گئی ہے اور اس کے لئے ایک مقامی سیاست دان ذمہ دار ہے۔  ہم نے اس الزام اور سابقہ معاملات کو سامنے رکھ کر اس پر سنجیدگی سے غور کیا اور اندازہ لگایا ہے کہ یہ طاقتور سیاست دان کون ہوسکتا ہے۔ صاف لگتا ہے کہ اسنوٹیکر کی انگلی ایم ایل اے روپالی نائک کی طرف ہی اٹھ رہی ہے۔ اس کے علاوہ آنند اسنوٹیکر کے بیان کے بعد کاروار حلقہ کے ترقیاتی کاموں سے متعلق معاملات میں جو سرگرمی اور ہلچل دکھائی دے رہی ہے اس سے معلوم ہوتا ہے کہ ترقیاتی کاموں کی شروعات کرنے یا پھر کام مکمل ہونے میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کے  پیچھے کون ہے۔

    مادھو نائک نے کہا کہ میرا مقصد صرف یہ ہے کہ چاہے کوئی بھی ہو،  اسے بدعنوانی اور رشوت خوری سے پاک ماحول اور انتظام فراہم کرنا چاہیے ۔ الزام لگے ہوئے کسی شخص یا رکن اسمبلی سے میری کوئی ذاتی دشمنی نہیں ہے۔ میں نے ہمیشہ ہی بدعنوانی کے خلاف مہم چلائی اور جدوجہد کی ہے۔  بدعنوانی میں ملوث سرکاری عملہ کے بہت سے افراد کو اینٹی کرپشن بیورو کے توسط سے جیل بھیجنے کا کام میں نے انجام دیا ہے۔ اسی لئے موجودہ حالات میں بھی چونکہ بدعنوانی کے اشارے روپالی نائک کی طرف ہورہے ہیں اس لئے میں نے اینٹی کرپشن بیورو کے پاس شکایت درج کروائی ہے۔ اور اپنی شکایت میں میں نے آنند اسنوٹیکر کو ہی اس معاملے کا گواہ بنایا ہے۔ اب تحقیقات کرنا ، ثبوت جمع کرنا اور ملزم کو گرفتار کرنا اے سی بی کے افسران کا کام ہے۔

مادھو نائک نے یہ بھی بتایا کہ چونکہ معاملہ رکن اسمبلی سے تعلق رکھتا ہے اس لئے میں نے اسپیڈ پوسٹ کے ذریعے اسمبلی اسپیکر کو بھی اپنی شکایت کا مراسلہ بھیجا ہے اور تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔


Share: